وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی حکومت کی ایک سالہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی تاہم انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ متعدد معاشی چیلنجز ابھی باقی ہیں جن سے نمٹنا ضروری ہے۔

واضح شواہد موجود ہیں کہ 7 ارب ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے بغیر پاکستان کیلئے اپنی بیرونی مالی ذمہ داریاں پوری کرنا ممکن نہ ہوتا، خاص طور پر اس تناظر میں کہ دیگر کثیرالجہتی اور دوطرفہ مالیاتی ادارے، بشمول دوست ممالک، ماضی قریب میں کسی سخت نگرانی والے فنڈ پروگرام کے بغیر مدد فراہم کرنے سے گریز کرچکے تھے۔

اس تناظر میں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نومنتخب حکومت نے 23 مئی 2024 کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے عملے کے ساتھ اقتصادی مذاکرات مکمل کیے، تاہم عملے کی سطح کا معاہدہ 12 جولائی 2024 تک مؤخر کردیا گیا، جو بعض پیشگی شرائط کی تکمیل سے مشروط تھا۔ یہی ممکنہ طور پر 25 ستمبر 2024 کو بورڈ کی منظوری کے حصول میں تاخیر کی وجہ بنی، جو قسط جاری ہونے کے لیے ایک لازمی شرط ہے۔

وزیراعظم نے حسب روایت، تمام ملکی اسٹیک ہولڈرز کی بھرپور تعریف کی ، خاص طور پر چیف آف آرمی اسٹاف کا ذکر کرتے ہوئے انہیں بھرپور سراہا جنہوں نے دوست ممالک کو پاکستان کی حمایت پر قائل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بطور ایک اہم رکن اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) چیف آف آرمی اسٹاف نے بھی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (آیف ڈی آئی) سے متعلق تمام مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ موجودہ حکومت کا ایک بنیادی ہدف ہے، جس کی کامیابی کا اندازہ ان 20 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے مفاہمتی یادداشتوں سے لگایا جا سکتا ہے جو پہلے ہی متعدد دوست ممالک کے ساتھ طے پا چکی ہیں۔ تاہم یہ ایم او یوز ابھی تک باضابطہ معاہدوں میں تبدیل نہیں ہوئے، اور فی الحال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سالانہ 1.5 ارب ڈالر سے کم ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق، یہ سرمایہ کاری اس وقت ملک میں آنا شروع ہوگی جب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

اگرچہ دہشت گردی کے حملے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی آمد میں یقینی طور پر ایک رکاوٹ ہیں (جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری اس سے مختلف ہے جو چند منٹوں میں کسی بھی ملک سے نکل سکتی ہے اور 1997 کے ایشیائی مالی بحران کا سبب بھی بنی تھی) تاہم حکومت کیلئے دو اہم عوامل پر غور کرنا ناگزیر ہے۔

سب سے پہلے وہ ممالک جو براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے سب سے بڑے وصول کنندگان ہیں، ان میں امریکہ، چین، اور کئی یورپی ممالک جیسے جرمنی، برطانیہ، فرانس، نیز بھارت شامل ہیں— یہ وہ ممالک ہیں جن کی سیاسی معیشت طویل عرصے سے مستحکم رہی ہے۔ دوسرے الفاظ میں، سرمایہ کاری کے لیے اقتصادی اور سیاسی ماحول موافق ہونا چاہیے، تاکہ مقامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے جو بالآخر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مثبت اشارہ ثابت ہوگا اور انہیں ہماری مارکیٹ میں داخل ہونے کی ترغیب دے گا۔

پاکستان میں اس وقت ایل ایس ایم سیکٹر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق منفی زون میں ہے لہٰذا جلد ہی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں اضافے پر انحصار کرنا قبل از وقت ہوگا۔ یہ درست ہے کہ زیادہ تر مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یوز) دوست ممالک کے ساتھ طے پائی ہیں، لیکن یہ غور طلب بات ہے کہ یہی ممالک آئی ایم ایف (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے بغیر پاکستان کو قرضے دینے یا سابقہ قرضوں کی مدت بڑھانے سے گریز کرتے رہے ہیں۔

دوسرا یہ کہ ماضی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو گلوبلائزیشن کا بنیادی عنصر سمجھا جاتا تھا، لیکن ایک نئے کثیر قطبی عالمی نظام کے ابھرنے کے ساتھ، گلوبلائزیشن—جس میں اشیا و خدمات، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، افراد اور معلومات کی آزادانہ نقل و حرکت شامل ہے—سنگین چیلنجز سے دوچار ہو چکی ہے۔

پاکستان نے غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزا سہولتوں میں آسانی پیدا کرنا شروع کر دی ہے، تاہم اس کے بدلے میں زیادہ تعاون دیکھنے میں نہیں آ رہا۔ مغربی ممالک اور متحدہ عرب امارات پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے حصول کو مزید دشوار بنا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے میکرو اقتصادی استحکام حاصل کرلیا ہے۔ اس حوالے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کو سراہا جا سکتا ہے، اگرچہ حالیہ ہفتوں میں درآمدات میں اضافے اور بیرونی عوامل کے باعث برآمدات میں کمی کے باعث اس خسارے کے دوبارہ بڑھنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے،تاہم ترسیلاتِ زر میں اضافہ ایک مثبت اشارہ ہے۔

مزید برآں وزیراعظم نے اپنی حکومت کی 400 ارب روپے کے زیر التواء ٹیکس مقدمات کے حل اور سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کے 850 ارب روپے کے خسارے کو ختم کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا،جو قومی خزانے پر ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے بوجھ بنے ہوئے ہیں، یہ پالیسیاں بلاشبہ قابل حمایت ہیں، تاہم ان مسائل کے جلد حل ہونے کی کوئی یقینی ضمانت نہیں۔

مزید برآں ایس او ایز کی نجکاری حکومت کے لیے ایک سنگین چیلنج بنی ہوئی ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ جس غیر سنجیدہ انداز میں حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کی، اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کسی تباہی سے کم نہیں تھی۔ امید کی جانی چاہیے کہ حکومت نے اس ناکامی سے سبق حاصل کیا ہوگا۔

اپنی محدود مالی گنجائش کو بہتر بنانے کا ایک تیز تر طریقہ، جو آئی ایم ایف کی پیشگی منظوری کا محتاج نہ ہو، یہ ہوگا کہ حکومت اپنے جاری اخراجات میں کمی کرے، جنہیں موجودہ سال کے بجٹ میں غیر واضح طور پر 21 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔

اس اضافے کی ایک بڑی وجہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 سے 25 فیصد اضافہ اور پنشن کی ادائیگیاں ہیں جو ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے پوری کی جا رہی ہیں،امید کی جاتی ہے کہ حکومت جاری اخراجات کے بڑے مستفید ہونے والوں سے دو سال کیلئے قربانی طلب کرے— جو کم از کم ڈیڑھ کھرب روپے کی بچت کے برابر ہو— تاکہ بالواسطہ ٹیکسوں میں مزید اضافے کی ضرورت نہ پڑے، جن کا بوجھ غریب طبقے پر امیر طبقے کی نسبت کہیں زیادہ پڑتا ہے اور ساتھ ہی مقامی و بین الاقوامی قرضوں پر انحصار کم ہوسکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف