وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت پاکستان کی معیشت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے اور اس کے خدشات کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ بات جمعرات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
بیان کے مطابق اپٹما کے ایک وفد نے فنانس ڈویژن میں فنانس چیف سے ملاقات کی، جہاں وزیر خزانہ نے پاکستان کے صنعتی شعبے کی طویل مدتی افادیت اور مستقبل کی ترقی کو یقینی بنانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر ٹیکس، توانائی اور فنانسنگ سے متعلق اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کی معیشت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے اور اس کے خدشات کو دور کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صنعت کو درپیش بنیادی چیلنجز سے نمٹنا صنعتی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے ، معاشی استحکام کو فروغ دینے اور ملک کی مجموعی ترقی کی سمت کی بنیاد ہے۔
دریں اثنا اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد کی سربراہی میں وفد نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش توانائی، ٹیکسیشن اور فنانسنگ سے متعلق مختلف مسائل پر پریزنٹیشن پیش کی۔
پریزنٹیشن میں اس شعبے کی طویل مدتی افادیت اور ترقی کے لئے مختلف سفارشات اور تجاویز پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
فنانس ڈویژن کے مطابق وفد نے ٹیکس ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو سراہا اور بقایا جات کی ادائیگی کے لیے مزید تعاون کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس مشاورتی نقطہ نظر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور آئندہ بجٹ میں اہم شعبوں کے خدشات کو موثر انداز میں حل کرنے کو یقینی بنانے کے لئے ان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے اپٹما کی قیادت کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی سفارشات کا جامع اور سوچ سمجھ کر تجزیہ کرے گی اور وفاقی بجٹ میں قابل عمل تجاویز کو شامل کرے گی۔
اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین، سیکریٹری کامرس ڈویژن اور فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
Comments