کمشنر کراچی نے شہر میں مرغی کے گوشت کی مکمل اور بلا تعطل سپلائی بحال کرانے کیلئے سندھ پولٹری اینڈ ریٹیل ایسوسی ایشن سے 4 روز کی مہلت مانگ لی ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے سپلائی بحال کرانے کی یقین دہانی کے بعد نمائندوں نے ہڑتال مؤخر کردی ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی سید محسن نقوی نے جمعرات کو سندھ پولٹری اینڈ ریٹیل ایسوسییشن کے نمائندوں سے ملاقات کی، اس دوران شہر میں ہڑتال مؤخر کرنے، سپلائی بحال کرنے اور مناسب قیمتوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
کمشنر کراچی نے سپلائی بحال کرنے سمیت کئی مطالبات پورے کرنے کیلئے پولٹری ایسوسی ایشن سے چار روز کی مہلت طلب کی۔
پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر راؤ محمد افضل نے کمشنر کراچی سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پولٹری کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر جاری کیے جائیں۔
ایسوسی ایشن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ فارمر اور ڈسٹری بیوٹرز کی طرف سے مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے سبب نرخ بڑھے ہیں جس پر کمشنر کراچی ایکشن لیں۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کے ساتھ ملاقات مثبت رہی، ان کی یقین دہانی کے بعد ہم ہڑتال موخر کرتے ہیں۔
تاہم انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر کمشنر کراچی نے ہمارے پیش کردہ مطالبات پورے نہ کیے یا پھر نکات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایک ہفتے تک چکن کی فروخت مکمل طور پر بند کر دیں گے۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ ہم نے کمشنر کراچی کی جانب سے مانگی گئی مہلت قبول کرتے ہوئے انہیں چار روز کا وقت دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ رابطوں میں فقدان کے باعث کم و بیش 50 فیصد کراچی میں مرغی کی دکانیں بند ہیں۔
پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر نے سپلائی بحال نہ ہونے کے سبب جمعرات سے کراچی ڈویژن میں ہڑتال کی کال دی تھی۔
کراچی ڈویژن میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ برائلر چکن کی قیمتیں 150 روپے کے اضافے کے ساتھ سے 800 روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں جبکہ رمضان المبارک سے قبل قیمت 650 تھی۔
Comments