انسداد دہشت گردی کوششوں کا اعتراف، شہباز شریف کا ٹرمپ سے اظہار تشکر
- پاکستان ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے سال 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران 13 امریکی فوجیوں کے قتل کے ذمہ دار شخص کی گرفتاری میں پاکستان کی مدد کو تسلیم کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں اور شدت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہوں سے محروم کیا جاسکے اور کسی بھی ملک کے خلاف ان کی کارروائیوں کو روکا جاسکے۔
وزیر اعظم کا یہ بیان امریکی صدر کی جانب سے کانگریس سے خطاب کے دوران گرفتاری کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے کہا کہ مذکورہ شخص، جس کی مزید شناخت ظاہر نہیں کی گئی، کو محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور سی آئی اے کی تحویل میں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ بم دھماکہ 26 اگست 2021 کو اس وقت ہوا جب امریکی فوجی امریکی شہریوں اور افغانوں کو نکالنے میں مدد فراہم کررہے تھے، یہ حملہ 20 سالہ جنگ کے بعد امریکہ کے احساسِ شکست میں مزید اضافے کا سبب بنا۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور ہر شکل میں اس لعنت کے خاتمے کے لیے پرخلوص کوششیں کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، لیکن ہماری قیادت اور عوام کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔
تاہم، ہماری قیادت اور ہمارے عوام کا عزم غیر متزلزل ہے کہ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کریں۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
Comments