رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ دیگر اشیائے خور و نوش کی طرح برائلر مرغی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کراچی ڈویژن میں برائلر چکن کی قیمت میں 120 سے 150 روپے فی کلو تک کا اضافہ دیکھا گیا۔
منگل کے روز برائلر چکن 720 سے لے کر 800 روپے تک فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
رمضان کی آمد سے قبل شہر میں برائلر مرغی 600 سے 650 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی تھی۔
سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن کے صدر راؤ محمد افضال نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چکن ڈسٹریبیوٹرز کی طرف سے مصنوعی طور پر طلب اور رسد کا فرق پیدا کیا گیا ہے۔
راؤ محمد افضال کا کہنا تھا کہ ڈسٹریبیوٹرز نے سپلائی روکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے نرخ بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی نے فی کلو گوشت کی قیمت 650 روپے مقرر کر رکھی ہے اور ہم اس نرخ پر فروخت نہیں کرسکتے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے چھاپے کے دوران 30 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور موجودہ حالات میں اس کی ادائیگی ہمارے لیے ممکنات میں سے نہیں۔
راؤ محمد افضال نے انتباہ کیا ہے کہ اگر ڈسٹری بیوٹرز نے بروقت سپلائی شروع نہ کی توہ وہ جمعرات سے ہڑتال شروع کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب کمشنر کراچی کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے روز 198 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور مجموعی طور پر68 لاکھ روپے کے جرمانے لگائے گئے۔
گراں فروشی پر 24 منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 19 دکانیں سیل کی گئیں۔
Comments