مالی سال 2024 کے اختتام تک بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ تقریباً 2.4 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا تھا، جس میں دو سال کے دوران 140 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ تاہم، مالی سال 2025 کے ابتدائی پانچ مہینوں میں گردشی قرضے میں اضافے کی رفتار نمایاں طور پر سست ہو گئی ہے۔ نومبر 2024 کے اختتام تک گردشی قرضے کا مجموعی حجم 2.83 ٹریلین روپے تک پہنچ چکا تھا، جو کہ مالی سال 2024 کے اختتام پر موجودہ سطح سے صرف 11 ارب روپے کم تھا۔ تاہم، قرضے میں اضافے کی رفتار واضح طور پر کم ہوئی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک سال قبل اسی مدت کے مقابلے میں یہ 380 ارب روپے کی بہتری ظاہر کرتا ہے۔
گردشی قرضے میں اضافے کو کم کرنے میں سب سے نمایاں مثبت کردار تقسیم کار کمپنیوں کی نقصانات، نااہلی اور عدم ریکوری کی مد میں ہونے والی بہتری نے ادا کیا ہے۔ ان عوامل کی مجموعی شراکت مالی سال 2024 کے اختتام تک گردشی قرضے میں 591 ارب روپے تک جا پہنچی تھی، جس کی وجہ سے مالی گنجائش کے ذریعے 374 ارب روپے کی ریکارڈ ادائیگی کرنا پڑی۔ اس کے علاوہ، گزشتہ برس کے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بھی سالانہ قرضے کے بہاؤ کو 84 ارب روپے تک محدود رکھا گیا۔
پھر جولائی 2024 کے آغاز میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ردوبدل کا عمل سامنے آیا، جس نے گردشی قرضے کے حجم میں 200 ارب روپے کی کمی کی گنجائش پیدا کی۔ گردشی قرضے کے انتظامی منصوبے (سی ڈی ایم پی) کو مکمل طور پر نافذ کرنا کوئی آسان عمل نہیں تھا، لیکن اس سے اب تک واجب الادا پیداواری اخراجات، جو کہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) سے متعلق تھے، ان کے ذخائر میں نمایاں کمی آئی ہے۔
مالی سال 2025 کے ابتدائی پانچ مہینوں کے اختتام تک، اس مد میں بچت تقریباً 180 ارب روپے رہی، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بروقت اور خودکار طریقے سے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) اور ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کو لاگو کرنے کا عمل جاری رکھا۔ اس کا مقصد بنیادی ٹیرف اور اصل ریونیو ضروریات کے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنا تھا تاکہ گردشی قرضے کے بہاؤ کو روکا جا سکے۔ اس سلسلے میں یہ بھی فائدہ مند ثابت ہوا کہ ایندھن کی لاگت متعین کردہ ٹیرف سے کم رہی، جس نے ایڈجسٹمنٹ کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں آسان بنا دیا۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مالی سال 2025 کے لیے تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کے مالی اثرات کیا ہوں گے، لیکن ابتدائی علامات حوصلہ افزا ہیں۔ تاریخی طور پر گردشی قرضے میں اضافے کا سب سے بڑا سبب ”عدم ریکوری“ رہا ہے، لیکن نومبر 2024 کے اختتام تک یہ پچھلے تین سالوں کی کم ترین سطح پر آ چکی تھی، جو کہ 76 ارب روپے رہی، یعنی ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباً نصف۔ تاہم، اس حوالے سے مزید مشاہدے کی ضرورت ہے کیونکہ نااہلی سے جڑے مالی نقصانات عام طور پر آخری سہ ماہی میں زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔
آئی ایم ایف کی طرف سے تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے مقرر کردہ ساختی اہداف کا وقت تیزی سے قریب آ رہا ہے، اس لیے حکام کو روایتی سیاسی دباؤ اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کے آگے جھکنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کچھ تقسیم کار کمپنیوں کے لیے رعایتی معاہدے (کنسیشن ارینجمنٹس) پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں، جبکہ دو ڈسکوز کی نجکاری کے لیے تکنیکی مشیروں کی مدد سے تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مئی 2025 کے آخر تک پہلی ڈسکو کی کنسیشن کے لیے ”ریکویسٹ فار پروپوزل“ (آر ایف پی) جاری کی جائے گی، جبکہ ستمبر 2025 کے آخر تک پہلی ڈسکو کی نجکاری کے لیے آر ایف پی جاری کی جائے گی۔ اسی طرح، گردشی قرضے کے انتظامی منصوبے (سی ڈی ایم پی) کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹرانسمیشن سسٹم ایکسپینشن پلان پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے۔
موجودہ استحکام کو سستی یا لاپرواہی کے لیے گنجائش نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ ماضی میں توانائی کے شعبے میں کئی بار محنت سے حاصل کردہ فوائد کو اسی غفلت نے ضائع کر دیا ہے۔
Comments