وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل بیلٹنگ کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔

وزیراعلیٰ نے مختلف نمبر دے کر اسکیم کی خودکار ڈیجیٹل بیلٹنگ کی اور اسکیم میں کامیاب ہونے والے خوش قسمت صارفین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے سولر پینل کی تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو مہنگی بجلی سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں، اس حوالے سے کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ مفت سولر پینل اسکیم کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ فزیکل تصدیق کے بعد صوبے بھر میں سولر سسٹم کی تنصیب مارچ کے آخر تک شروع کر دی جائے گی۔ مفت سولر پینل اسکیم کی تنصیب کا پہلا مرحلہ جولائی کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔

سیکرٹری توانائی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعلیٰ پنجاب فری سولر پینل سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 94483 سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔ صوبے میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سولر سسٹم مفت نصب کیے جائیں گے۔ مفت سولر پینل اسکیم کے حصول کیلئے 861000 صارفین نے درخواستیں دیں۔ مفت سولر پینل اسکیم کا پورا عمل اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 0.55 کلو واٹ کے 47182 سسٹم اور 1.1 کلو واٹ کے 47301 سسٹم نصب کیے جائیں گے۔ ماہانہ 100 یونٹ اور ماہانہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو مفت سولر سسٹم دیا جائے گا۔ تصدیق صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر کا استعمال کرتے ہوئے کی جائے گی۔ مفت سولر پینل حاصل کرنے والے صارفین کی مدد اور سہولت کے لئے ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔

سولر پینل اور انورٹر کو صارفین کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ انہیں چوری سے بچایا جا سکے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگانے سے کاربن کے اخراج میں 57 ہزار ٹن کمی آئے گی۔ مفت سولر پینل اسکیم سے وفاقی حکومت پر سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف