رواں سال رمضان المبارک کے آغاز پر کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں آٹومیٹڈ ٹیلر مشینوں (اے ٹی ایمز) میں نقدی ختم ہوگئی کیونکہ لوگ بڑی تعداد میں خریداری اور گھریلو اخراجات کے لیے رقم نکالنے کے لیے امڈ آئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور پہلا رمضان المبارک اتوار کو ہوگا۔

ہفتہ کی شام اور اتوار کی صبح اے ٹی ایمز کے باہر لمبی قطاریں دیکھی گئیں ۔

نقدی کی قلت نے بہت سے گاہکوں کو مایوس کردیا ، جس کی وجہ سے انہیں کیش کی تلاش میں متعدد اے ٹی ایم پر جانا پڑا۔

دریں اثنا کچھ اور اے ٹی ایمز میں نقدی ختم ہونے کا امکان ہے کیونکہ زکوٰۃ کٹوتی کے مقصد سے پیر کو بینکوں میں پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔

ایک بینکر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ شاید رمضان کے آغاز پر لوگوں کی بڑی تعداد اے ٹی ایمز پر پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے مشینیں خالی ہو گئیں۔

افسر نے مزید کہا کہ آج اتوار ہے اور تعطیل ہونے کی وجہ سے نقد رقم جمع نہیں کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ لوگ زکوٰۃ کی کٹوتی سے بچنے کے لیے بعض اوقات نقد رقم نکال لیتے ہیں۔

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے ایک عہدیدار نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ انہوں نے پہلے ہی سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ ان کے صارفین اتوار کو رات 12 بجے سے صبح 10 بجے تک نقد رقم نہیں نکال سکیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ یو بی ایل ڈیجیٹل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز اور اے ٹی ایم سروسز سمیت تمام ڈیجیٹل چینلز اتوار 2 مارچ 2025 کو زکوٰۃ کٹوتی کی سرگرمی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی پیمنٹ سسٹم ریویو سے متعلق تازہ ترین سہ ماہی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2024 تک پاکستان میں 19 ہزار 170 اے ٹی ایمز موجود ہیں۔

رپورٹ مکمل ہونے تک اسٹیٹ بینک اور دیگر کمرشل بینکوں کی جانب سے اس پیش رفت پر جواب کا انتظار رہا۔

Comments

200 حروف