وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے 20 ارب روپے کا رمضان پیکیج تیار کیا ہے جو رواں سال کے بجٹ میں مختص رقم سے دگنا ہے۔ یہ پیکیج تقریباً 40 لاکھ مستحق افراد کو براہ راست نقد فراہم کیا جائے گا۔

فی کس مستحق کو 5 ہزار روپے دیے جائیں گے جو کہ اوسطاً 5 افراد پر مشتمل ایک خاندان کے لیے فی کس ایک ہزار روپے بنتے ہیں۔

رانا تنویر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی کیش ٹرانسفر کے اسی فارمولے پر عمل کرنے جا رہی ہیں ۔انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کو بند کرنے جا رہی ہے، جس کے ذریعے پہلے رمضان پیکیج فراہم کیے جاتے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یو ایس سی کی نجکاری سے قبل اس کی تنظیم نو کی جائے گی، جو آگے کا راستہ ہوگا۔

وزیر کے ایوان میں دیے گئے بیان سے 3 تشویشناک پہلو سامنے آتے ہیں۔ اول یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ رمضان پیکیج کے بجٹ کو دگنا کرنے کیلئے فنڈز کا ذریعہ کیا ہوگا؟

اس تناظر میں یہ نکتہ قابل غور ہے کہ ممکنہ طور پر اضافی 10 ارب روپے دیگر بجٹ شدہ سبسڈیوں سے منتقل کیے گئے ہیں، کیونکہ جاری آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سبسڈی کو مستحق افراد تک محدود کرے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سائنسی بنیادوں پر شناخت شدہ مستحقین کو امداد فراہم کی جائے تاکہ سبسڈی کے غلط استعمال کو کم سے کم کیا جا سکے—جیسا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں سبسڈی والے اشیاء کی مصنوعی قلت، جو یا تو عملے کی جانب سے انہیں کھلی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے یا ناقص معیار کی اشیاء فراہم کرنے کے ذریعے۔ دوسرا آئی ایم ایف سے طے شدہ معاہدے کے مطابق، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی سبسڈی کا نصف حصہ صوبوں کو ادا کرنا ہوگا۔

تاہم رانا تنویر کا یہ دعویٰ کہ یو ایس سی کی تنظیم نو کی جائے گی اور پھر اس کی نجکاری کی جائے گی، متعدد خدشات پیدا کرتا ہے:(i) نجکاری کو موجودہ کابینہ کے ارکان زبانی طور پر تو حمایت دیتے ہیں، لیکن اس حقیقت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی نجکاری سے پہلے اس کا تفصیلی تجزیہ، بشمول لاگت اور فوائد کا تجزیہ، ناگزیر ہوتا ہے۔ حکومت کی توجہ صرف خسارے ختم کرنے پر مرکوز ہے، جبکہ یہ نہیں دیکھا جارہا کہ نجکاری سے طویل المدتی ریونیو میں جو کمی آئے گی اس کے اثرات کیا ہوں گے۔(ii) اس وقت ملک کی نازک معاشی صورتحال سرمایہ کاری کے لیے موزوں نہیں، جس کا ثبوت بڑی صنعتوں کے شعبے میں جاری منفی رجحان ہے، جو سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔(iii) اب تک کی جانے والی تنظیم نو زیادہ تر صرف قیادت کی تبدیلی یا بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ردوبدل تک محدود رہی ہے، مگر اس سے کسی ادارے کی مالی صورتحال میں نمایاں بہتری نہیں آئی۔

اراکین پارلیمنٹ نے حکومت کے اس دعوے کو چیلنج کیا کہ مہنگائی میں کمی آئی ہے جب کہ پاکستان سیکریٹریٹ کے احتجاج کرنے والے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے بلیو ایریا میں ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا۔ یہ مطالبہ اس حقیقت کے باوجود کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 20 سے 25 فیصد تک بڑھائی تھیں—یہ اضافہ مہنگائی کی شرح سے بھی زیادہ تھا۔

تاہم، یہ بات قابل غور ہے کہ حکومت کے ملازمین (سویلین اور فوجی دونوں) جو ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے تنخواہ پاتے ہیں، ملک کی مجموعی ورک فورس کا صرف 7 فیصد ہیں اور ان کا احتجاج اس حقیقت کا غماز ہے جیسا کہ آزاد معیشت دانوں نے نوٹ کیا کہ مہنگائی کو صرف یوٹیلیٹیز اور ضروری اشیاء کی سبسڈی قیمتوں اور بڑے شہروں میں کرایے کو مدنظر رکھتے ہوئے کم ظاہر کیا جاتا ہے۔

زیادہ سنجیدہ تشویش کی بات یہ ہونی چاہیے کہ باقی 93 فیصد ورک فورس جو نجی شعبے میں کام کرتی ہے وہ 2020 میں کووڈ-19 کی وبا کے آغاز سے اب تک مہنگائی کی بلند شرح کے مطابق اپنی تنخواہوں میں اضافہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔

حکومت، اپنے سابقہ ادوار کی طرح، آئی ایم ایف کی شرائط کے ساتھ خاصی ہم آہنگ رہی ہے، جو عام آدمی کے خلاف ہیں کیونکہ ان میں یوٹیلیٹی کی قیمتوں میں اضافے اور سبسڈیوں میں کمی کی تجویز دی گئی ہے—ایسی تدابیر جو آج ملک میں 44 فیصد غربت کی شرح کا باعث ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

آئی ایم ایف ٹیم کی جاری پروگرام کے تحت پہلے جائزے کے لیے اس ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں آمد متوقع ہے اور صرف یہی امید کی جا سکتی ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے اتنا تجربہ حاصل کر لیا ہو گا کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے اثر و رسوخ کو بڑھا سکے، نہ کہ ہر معاملے میں ہار مان کر ان کے سامنے جھک جائے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف