پاکستان کے سب سے بڑے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پی) حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) کا منافع 31 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 68 فیصد سے زیادہ کم ہوکر 5.48 ارب روپے رہ گیا۔
بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی نے گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 17.18 ارب روپے کا منافع کمایا تھا۔
اس کے نتیجے میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) کم ہو کر 3.25 روپے فی حصص رہ گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 11.78 روپے فی حصص تھی۔
کمپنی نے 5 روپے فی حصص یعنی 50 فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے کہا کہ حب بیس پلانٹ کے خاتمے کے مکمل سہ ماہی کے اثرات کی وجہ سے مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں حبکو کی آمدنی اور منافع میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔
نارووال کو ایل پی ایس کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے خالص منافع مزید دباؤ کا شکار ہوا۔
مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں صارفین کے ساتھ معاہدوں سے آئی پی پی کی آمدنی 48 فیصد کم ہو کر 15.49 ارب روپے رہ گئی جو گزشتہ سال 29.91 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی آمدنی کی رقم تقریبا 31 فیصد کم ہو کر 9.12 ارب روپے رہی جو گزشتہ مالی سال کی اس مدت میں 13.16 ارب روپے تھی۔
اس کے نتیجے میں حبکو کا مجموعی منافع مالی سال 2025کی دوسری سہ ماہی میں تقریبا 62 فیصد کم ہو کر 6.38 ارب روپے رہ گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں منافع کا مارجن 59 فیصد رہا جبکہ گزشتہ برس کی اس مدت میں یہ 44 فیصد تھا۔
دریں اثنا، کمپنی کی دیگر آمدنی میں 45 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا اور مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں یہ 1.3 ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال کی اس مدت میں یہ 900 ملین روپے تھی۔
مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پاور پروڈیوسر کا آپریشنز سے منافع 81 فیصد کم ہوکر 3.2 ارب روپے رہا۔
حبکو کی مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں مالی لاگت تقریبا 41 فیصد کمی کے ساتھ 4.1 ارب روپے رہ گئی۔
دوسری جانب حبکو نے مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں ایسوسی ایٹس اور وینچرز سے منافع کی مد میں 9.8 ارب روپے کمائے۔
کمپنی کا قبل از ٹیکس منافع 56 فیصد کم ہوکر 8.9 ارب روپے رہا۔
آئی پی پی نے مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں 8 فیصد اضافے کے ساتھ 3.45 ارب روپے ٹیکس ادا کیے۔
رواں سال کے اوائل میں حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ (ایچ پی ایچ ایل) کے ماتحت ادارے حبکو گرین (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ایچ جی ایل) نے منگل 21 جنوری 2025 کو اوشن مال، کراچی میں اپنے پہلے ای وی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔
Comments