بنگلہ دیش نے 50 ہزار ٹن چاول کی خریداری کے لئے نیا ٹینڈر جاری کردیا
بنگلہ دیش نے 50 ہزار میٹرک ٹن چاول کی خریداری کے لئے نیا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کیا ہے۔
تاجروں کے مطابق پرائس آفرز جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
یہ ٹینڈر بنگلہ دیش کی جانب سے بین الاقوامی منڈیوں سے بڑے پیمانے پر چاول کی خریداری کے تسلسل کا حصہ ہے، جو گزشتہ سال ملکی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث ضروری ہو گیا تھا۔
اگست اور اکتوبر 2024 کے دوران بنگلہ دیش میں آنے والے تباہ کن سیلابوں نے تقریباً 11 لاکھ ٹن چاول برباد کردیے، جس کے نتیجے میں ملک کو خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے چاول کی درآمدات میں اضافہ کرنا پڑا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے 50,000 ٹن چاول کی خریداری کے لیے جاری پچھلا ٹینڈر 13 فروری کو مکمل ہوا تھا۔
دوسری جانب، تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرکاری ایجنسی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)، نے بھی ایک داخلی مارکیٹ ٹینڈر جاری کیا ہے، جس کے تحت بنگلہ دیش کو برآمد کیلئے 50,000 ٹن چاول کی خریداری کی جائے گی۔ اس ٹینڈر کے لیے پیشکشیں 27 فروری تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
بنگلہ دیش کے نئے ٹینڈر میں نان باسمتی پربوائلڈ چاول کے لیے قیمتوں کی پیشکشیں طلب کی گئی ہیں، جو سی آئی ایف لائنر آؤٹ شرائط پر مشتمل ہوں گی، یعنی اس میں جہاز سے اتارنے کے اخراجات بھی شامل ہوں گے۔ چاول کی ترسیل چٹاگانگ اور مونگلا بندرگاہوں پر کی جائے گی۔
یہ چاول دنیا کے کسی بھی ملک سے آ سکتا ہے اور معاہدہ دیے جانے کے 40 دن کے اندر ترسیل لازمی ہوگی۔
Comments