بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے جمعے کے روز ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ فروری 2025 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 2.0 سے 2.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے جو گزشتہ ماہ کے 2.4 فیصد کے مقابلے میں تقریباً مستحکم ہے۔

پاکستان میں مہنگائی خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔ مئی 2023 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ تاہم اس کے بعد سے یہ نیچے کی جانب گامزن ہے.

اس سے قبل ٹاپ لائن کے ایک بیان کے مطابق جنوری کے اعداد و شمار 111 ماہ میں سب سے کم تھے جبکہ ماہرین نے افراط زر میں کمی کی وجہ اعلیٰ بنیادی اثر اور غذائی افراط زر میں کمی کو قرار دیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فروری میں پاکستان کا کنزیومر پرائس انڈیکس سالانہ 2.0 سے 2.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جس سے مالی سال 25 کے 8 ماہ کی اوسط 6.07 فیصد تک پہنچ جائے گی جبکہ مالی سال 24 کے 8 ماہ میں یہ 27.96 فیصد تھی۔

فروری 2025ء کے دوران غذائی افراط زر میں 0.4 فیصد کمی متوقع ہے جس کی بنیادی وجہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 55 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 27 فیصد اور آلو کی قیمتوں میں 21 فیصد کمی ہے۔ جبکہ تازہ پھلوں اور چینی کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 8 فیصد کمی اور بجلی کی قیمتوں میں 0.5 فیصد کمی کی وجہ سے ہاؤسنگ، پانی، بجلی اور گیس کے شعبے میں تقریبا 0.2 فیصد کمی متوقع ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 سے 4 فیصد اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 1.2 فیصد اضافے کی توقع ہے۔

تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سطح سے اجناس کی قیمتوں میں کسی بھی بڑے انحراف کے نتیجے میں مہنگائی کے تخمینے میں تبدیلی آسکتی ہے۔

مالی سال 2025 کے لئے، بروکریج ہاؤس نے اوسط افراط زر کی پیش گوئی 6.0-7.0 فیصد برقرار رکھی۔

گزشتہ ماہ توقعات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کی تھی جس کے بعد یہ 12 فیصد رہ گئی تھی۔

کمیٹی نے نوٹ کیا کہ توقعات کے مطابق مہنگائی میں کمی کا رجحان جاری ہے اور دسمبر میں یہ 4.1 فیصد سالانہ تک پہنچ گئی۔ ایم پی سی نے اس وقت کہا تھا کہ یہ رجحان معتدل گھریلو طلب کے حالات اور سازگار بنیادی اثرات کے درمیان سپلائی سائیڈ کی معاون حرکیات کی وجہ سے ہے۔

Comments

200 حروف