عالمی بینک کے ایم آئی جی اے کا پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کیپٹل مارکیٹوں کے لیے تعاون کا وعدہ
- وزیر خزانہ اورنگزیب سے کثیر الجہتی سرمایہ کاری گارنٹی ایجنسی کے وفد کی ملاقات
عالمی بینک گروپ کے رکن کثیر الجہتی سرمایہ کاری گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) نے پاکستان کے مالیاتی اداروں اور کیپٹل مارکیٹوں کی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت جمعہ کے روز فنانس ڈویژن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) کے وفد کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد کی قیادت سینئر انویسٹمنٹ گارنٹی آفیسر - فنانشل انسٹی ٹیوشنز اینڈ کیپیٹل مارکیٹس / مشرق وسطیٰ ، ترکی اور پاکستان میں ایف آئی جی پروڈکٹس / بزنس کے سربراہ دلاور باجوڑی اور جنوبی ایشیا بزنس ڈویلپمنٹ کے سربراہ جے کوون نے کی۔
ایم آئی جی اے کے وفد نے پاکستان میں مالیاتی اداروں اور کیپٹل مارکیٹوں کی حمایت کے لئے اپنے ادارے کے عزم کو اجاگر کیا اور ملک کی اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا - پاکستان ایشیا میں ایم آئی جی اے کی پہلی منزل ہے۔
فنانس ڈویژن نے کہا، “وفد نے قلیل مدتی کریڈٹ گارنٹی کی پیش کش میں ایم آئی جی اے کے کردار پر روشنی ڈالی، جو نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کی کوششوں کی تکمیل ہے۔
دریں اثنا سینیٹر اورنگزیب نے سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کی اقتصادی اور مالیاتی شعبے کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ایم آئی جی اے کے ساتھ مسلسل تعاون کی امید کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس دونوں فریقین کے درمیان قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ترقی پذیر ممالک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو فروغ دینے کے لئے 1988 میں قائم کیا گیا ایم آئی جی اے سیاسی رسک انشورنس اور کریڈٹ میں اضافے کی گارنٹی پیش کرتا ہے۔
یہ ضمانتیں سرمایہ کاروں کو ترقی پذیر ممالک میں سیاسی اور غیر تجارتی خطرات کے خلاف براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حفاظت کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
Comments