پاکستان اور یورپی یونین کا برسلز میں انسداد دہشت گردی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
- بات چیت وسیع تر اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 کا حصہ، علاقائی، عالمی سلامتی کے چیلنجوں پر مشتمل ہے
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین نے 20 فروری 2025 کو برسلز میں نویں انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جس میں ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات 2019 کے وسیع تر اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کا حصہ ہیں، جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کے چیلنجز بشمول افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے مضمرات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں سکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے ڈائریکٹر میکیج اسٹیڈیک اور پاکستان کی وزارت خارجہ میں انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید کی قیادت میں ہونے والی بات چیت میں کثیر الجہتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور عالمی انسداد دہشت گردی فورم کے اندر اپنے تعاون کو اجاگر کیا ، جس کی یورپی یونین نے 2022 سے شریک صدارت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
بات چیت میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام، غیر ملکی جنگجوؤں کی بھرتی اور نقل و حرکت کا مقابلہ کرنے، آن لائن اور آف لائن بنیاد پرستی سے نمٹنے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ مکالمہ دہشت گردی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں علاقائی اور عالمی سلامتی کو بڑھانے کے لئے عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
Comments