سندھ حکومت اور دیوان گروپ کے درمیان صوبے میں 500 الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی اورٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر نے معروف صنعتکار اور دیوان گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ دیوان محمد یوسف فاروقی سے محکمہ سرمایہ کاری کے دفتر میں ملاقات کی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دیوان گروپ کے سربراہ نے بتایا کہ کمپنی سندھ میں 500 الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے کے لیے کام کر رہی ہے جس پر ڈھائی ارب روپے لاگت آئے گی۔
معاون خصوصی نے اس خیال کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی اور سندھ حکومت کے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے منصوبے کو بھی تقویت ملے گی۔
قاسم نوید قمر نے کہا کہ دیوان گروپ آف انڈسٹریز کے تحت سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں/ کاروں اور ٹیکسیوں کی مینوفیکچرنگ سے صوبے میں ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس سے قبل دسمبر 2024 میں دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (ڈی ایف ایم ایل) نے بتایا تھا کہ کمپنی نے اپنے اسمبلی پلانٹ میں ای وی کی پیداوار شروع کرنے کے بعد سے پہلے تین ماہ میں ’ہونری-وی ای‘ نامی چینی الیکٹرک وہیکل (ای وی) کے 100 سے زیادہ یونٹس مقامی طور پر اسمبل کیے ہیں۔
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ڈی ایف ایم ایل سندھ اور پنجاب صوبوں میں ای ٹیکسی کے طور پر چائنیز ای وی ہونری وی ای متعارف کرانے کے لئے دونوں حکومتوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
تاہم اس تجویز کے طریقہ کار کے بارے میں حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو یہ بھی بتایا کہ الیکٹرک ٹیکسی اسکیموں کو کامیاب بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو ٹیکسی کے خریداروں کو فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے بینکوں کو شامل کرنا ہوگا۔
ایک اور عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کمپنی سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت کے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں سندھ حکومت کی جانب سے 100 فیصد ایڈوانس ادائیگی کے ساتھ کنفرمیشن آرڈر موصول ہوگا، ہم ای ٹیکسیوں کی فراہمی شروع کردیں گے۔
ڈی ایف ایم ایل نے چینی الیکٹرک کار کے 2 ورژن متعارف کرائے ہیں جن میں ہونری-وی ای 0.2 اور ہونری-وی ای 0.3 شامل ہیں۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک بار مکمل چارج میں 200 کلومیٹر اور 300 کلومیٹر کا سفر کرسکتے ہیں اور ان کی قیمت بالترتیب 3.99 ملین روپے اور 4.99 ملین روپے ہے۔
Comments