صدر آصف علی زرداری نے استنبول ایئرپورٹ پر مختصر قیام کے دوران اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے خوشگوار کلمات کا تبادلہ کیا اور دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ مفادات پر گفتگو کی۔ یہ بات پیر کے روز ریڈیو پاکستان نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔

صدرمملکت آصف علی زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کے لیے پرتگال جا رہے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری اتوار کو پرتگال کے شہر لزبن روانہ ہوئے ہیں۔

صدر مملکت پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم سے ملاقات اور مرحوم پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کریں گے۔

اس دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوزا سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسماعیلی برادری کے 49 ویں روحانی پیشوا، پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کو اتوار کے روز مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب کے دوران سپرد خاک کر دیا گیا۔

پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو ان کے مرحوم والد پرنس کریم الحسینی کی وصیت پڑھنے کے بعد اسماعیلی برادری کا 50 واں روحانی پیشوا نامزد کیا گیا ہے۔

Comments

200 حروف