پاکستان

گوادر پورٹ، جی ایف زیڈ اے: ڈیوٹیز و ٹیکس فری گاڑیوں کی درآمد کی اجازت

گوادر پورٹ، جی ایف زیڈ اے: ایف بی آر نے گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا۔
شائع February 4, 2025

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ایریا کی تعمیر، ترقی اور آپریشنز کیلئے مراعات یافتہ افراد اور ان کی آپریٹنگ کمپنیوں کو ڈیوٹیز و ٹیکس فری گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دے دی ہے۔

اس سلسلے میں، ایف بی آر نے ایس آر او 82(I)/2025 جاری کردیا ہے۔ یہ ریگولیٹری میکنزم گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ایریا کی تعمیر، ترقی اور آپریشنز کیلئے مراعات یافتہ اداروں اور ان کی آپریٹنگ کمپنیوں کے ذریعے گاڑیوں کی درآمد کے قواعد، 2025“ کے نام سے جانا جائے گا۔

اہل درآمد کنندہ کو حکام یا ان کے مجاز افسر کو گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جو صرف گوادر پورٹ اور فری زون ایریا کی تعمیر، ترقی اور آپریشنز کے مقصد کے لیے درآمد کی جائیں گی۔ حکام یا ان کے مجاز افسر، جیسا کہ معاملہ ہو، درآمد کنندہ کی سرگرمیوں کی نوعیت کے مطابق اس کی اصل ضروریات کا تعین کریں گے، اور یہ سب پاکستان کسٹمز ٹیرف کے پی سی ٹی کوڈ 9917(3)(iii) کے تحت طے شدہ دائرہ کار کے مطابق ہوگا۔

حکام اس بات کو بھی مدنظر رکھیں گے کہ وہ گاڑیاں جو ریگولیٹری میکانزم کے اجرا سے قبل پہلے ہی درآمد کی جاچکی ہیں تاکہ انہیں ان کے حقیقی استعمال کے لحاظ سے ریگولرائز کیا جاسکے اور متعلقہ درآمد کنندہ کی مستقبل کی ضروریات کا تعین کیا جاسکے:

یہ شرط رکھی گئی ہے کہ آپریشنل گاڑیوں کی صورت میں، حکام کی جانب سے متعین کی جانے والی ضروریات کے مطابق، زیادہ سے زیادہ دو موٹر کاریں جو 1600 سی سی تک ہوں اور تین 4x4 پک اپس، مزدوروں کے لیے کوسٹر/بس کے علاوہ شمار کی جائیں گی۔

پاکستان کسٹمز ٹیرف کے پی سی ٹی کوڈ 9917(3)(iii) کے تحت استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے اہل درآمد کنندہ کو حکام کو ایک اعلان فارم فراہم کرنا ہوگا جو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے دستخط سے منظور شدہ ہو اور حکام یعنی گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے ذریعے تصدیق شدہ ہو، جس میں ہر درآمد شدہ گاڑی کے بارے میں یہ تصدیق کی جائے گی کہ وہ گاڑیاں گوادر پورٹ اور فری زون ایریا کی تعمیر، ترقی اور آپریشنز کے لیے اصلی اور جائز ضروریات ہیں، اور یہ کہ حکام کی جانب سے متعین کردہ مخصوص کوٹوں کے مطابق ہیں۔

Comments

200 حروف