ایف بی آر نے نئے متعارف ایف سی اے ایس میں ہیرا پھیری کی کوشش ناکام بنا دی
- ٹیکس جمع کرنے والے وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے
پاکستان کسٹمز نے نئے متعارف کرائے گئے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم (ایف سی اے ایس) میں ہیرا پھیری کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق اس طرح کی کوشش متوقع تھی اور کراچی کسٹمز کی ٹیم کو اس سلسلے میں مسلسل چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ہفتے کے روز جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف سی اے ایس کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کراچی کسٹمز نے اس کوشش میں ملوث 45 ایجنٹوں کے کسٹم لائسنس معطل کردیے ہیں جبکہ کسٹمز ایجنٹس رولز کی روشنی میں شوکاز نوٹس ز جاری کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کوشش میں ملوث پائے جانے والے افسر کو گزشتہ روز ایف بی آر نے معطل کر دیا تھا اور اس کے خلاف کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد کے تحت باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
ٹیکس جمع کرنے والے وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ایف سی اے ایس کے ساتھ کھیلواڑ کی کوشش میں ملوث ایجنٹوں، ایک افسر اور بعض نجی افراد سمیت ملزمان کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
جبکہ ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
تین ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دیگرملزمان کو گرفتار کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایف سی اے ایس بغیر کسی کسٹم کلیئرنس کے آسانی سے کام کر رہا ہے۔
اس نظام کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریباً دو ہفتے قبل کیا تھا۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ دیگر شہروں میں بھی ایف سی اے ایس کو جلد از جلد وسیع اور نافذ کیا جائے۔
Comments