پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طور پر نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں 4 مختلف مقابلوں میں عمومی علاقے دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان کے مطابق ان جھڑپوں کے نتیجے میں 6 خوارج کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ،ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف مذکورہ علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خارجی کو ہلاک کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہیں کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں جمعرات کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

Comments

200 حروف