ریکو ڈیک منصوبے میں حصہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدے کی اہم تفصیلات طے ہونا باقی
- سعودی عرب کو امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد آگے کیلئے کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستان نے بلوچستان میں ریکوڈک (تانبے اور سونا) منصوبے میں 15 فیصد حصص کے معاہدے کی متعدد تفصیلات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی ہے۔
ریکوڈک کان 50 فیصد بیرک گولڈ کی ملکیت ہے، 25 فیصد تین وفاقی سرکاری اداروں (جی ایچ سی ایل، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل) کی ملکیت ہے،15 فیصد بلوچستان حکومت مکمل فنڈڈ کی بنیاد پر اور 10 فیصد بلوچستان کی طرف سے فری کیریڈ کی بنیاد پر ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے حال ہی میں ریاض (سعودی عرب) کا دورہ کیا اور پاکستان میں قدرتی وسائل پر تفصیلی پریزنٹیشن دی اور بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات کی پیشکش کی۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نے اسلام آباد کے ساتھ اپنے حالیہ رابطے میں کہا کہ سعودی فریق کو امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ریکوڈک فزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد آگے کیلئے کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم آفس میں ریکوڈک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ منصوبے کا فنانشل کلوز (ایف سی) جون 2025 تک مقرر کیا گیا تھا۔ وزارت خزانہ کے جوائنٹ سیکرٹری (کارپوریٹ فنانس) نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے مئی 2025 کے آخر تک تھرڈ پارٹی گارنٹی انتظامات کی منظوری ملنے کا امکان ہے۔ فنانس ڈویژن کے نمائندے نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ بات چیت کے دوران آر ایم ڈی سی کی ٹیم بھی موجود تھی۔ آر ڈی ایم سی کے نمائندے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ-بی ایم آر ایل کے لئے حکومت پاکستان کی گارنٹی کی فراہمی اور ایکویٹی فنڈنگ کی ذمہ داریاں منصوبے کی بروقت فنانشل بندش کے لئے اہم ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ دسمبر 2022 سے اب تک ایشیائی ترقیاتی بینک سے اس گارنٹی کے حصول کی مدت میں کم از کم تین بار توسیع کی جاچکی ہے اور فنانس ڈویژن کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مل کر اس پر سختی سے عمل کریں اور جلد از جلد گارنٹی کو حتمی شکل دینے کو یقینی بنائیں۔
سعودی عرب کی منارا منرلز انویسٹمنٹ کمپنی کو ایس ایس ایف (سعودی خودمختار فنڈ) کی حمایت حاصل ہے، جس کا وفد بھی اگلے ماہ متوقع ہے، نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے زیر کنٹرول ریکوڈک میں ایک ارب ڈالر کے حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن آڈٹ رپورٹ کی سفارشات کی بنیاد پر جی ایس پی کی تنظیم نو کے لیے ایکشن پلان بھی تیار کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے ساتھ مل کر معدنیات کی ہم آہنگی کے طریقہ کار اور ریگولیٹری فریم ورک پر غور و خوض کے لیے بین الصوبائی وزراء اور چیف سیکرٹریز کا اجلاس منعقد کیا ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں پیش رفت کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے۔ ایک ادارہ جو سرمایہ کاری سے متعلق اہم فیصلے لینے کا پابند ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور جلد ہی اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔ قیمتوں پر بات چیت کرنے والی ایک کمیٹی معاملات کو سنبھال رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مذاکرات بروقت آگے بڑھیں تاکہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جاسکے۔ تاہم ابھی تک اسے حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن (ڈی جی مائنز) کے مطابق منرل سیل قائم کر دیا گیا ہے اور ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے منرل پالیسی پر کام جاری ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے بین الاقوامی اور عارضی کان کنی کے قوانین/ قواعد و ضوابط کی بینچ مارکنگ اور کانوں اور آئل فیلڈز کے قواعد و ضوابط اور معدنی ترقی (گورنمنٹ کنٹرول) ایکٹ 1948 کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام بھی مکمل کر لیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments