دفتر خارجہ نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ تقریباً 150 پاکستانی شہریوں، جو مشرقی جمہوریہ کانگو کے جنگ زدہ علاقے گومہ میں پھنسے ہوئے تھے، میں سے اب تک 75 شہریوں کو پاکستانی حکام کی سفارتی کوششوں کی بدولت محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق روانڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سفیر نعیم اللہ خان کی مداخلت سے روانڈا کے حکام نے متاثرہ شہریوں کو روانڈا منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک تقریبا 75 پاکستانی روانڈا منتقل ہو چکے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی متاثرہ پاکستانی کو مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہائی کمیشن سے ذیل میں دی گئی تفصیلات پر رابطہ کرسکتا ہے۔

رابطہ: پرویز بھٹی ، ہیڈ آف چانسری: واٹس ایپ + 5328517۔333+92

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائی کمیشن خاص طور پر بوکاوو جیسے سرحدی علاقوں میں مشکلات کا شکار دیگر پاکستانیوں کی نشاندہی اور ان کی مدد کر رہا ہے۔

بیان کے مطابق حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید شہری روانڈا میں داخل ہوں گے اور عملہ محفوظ راستے کو یقینی بنانے کے لیے براہ راست رابطہ برقرار رکھے گا۔

اقوام متحدہ نے منگل کے روز کہا تھا کہ کانگو کے محصور شہر گوما میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی، خوراک کی قلت، لوٹی گئی امداد، اسپتالوں میں رش اور بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کے سبب انسانی صورتحال ’انتہائی تشویش ناک‘ ہے۔

امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ پانی اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے ہیضے جیسی مہلک متعدی بیماریوں کو ہوا دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لیبارٹری کے ارد گرد لڑنے سے ایبولا جیسے جراثیم پھیل سکتے ہیں۔

Comments

200 حروف