سونے کی فی تولہ قیمت پہلی بار 2 لاکھ 90 ہزار روپے سے متجاوز
بین الاقوامی مارکیٹ میں جمعرات کو سونے کے نرخ بڑھنے کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1600 روپے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 90 ہزار 300 روپے ہوگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 48 ہزار 885 روپے ہوگئی۔
بدھ کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2300 روپے اضافے سے 2 لاکھ 88 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔
دریں اثناء جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق فی اونس سونے کی قیمت 15 ڈالرکے اضافے کے بعد 2778 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 59 روپے اضافے سے 3 ہزار 450 روپے ہوگئی۔
اس سے قبل 24 جنوری 2025 کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 89 ہزار 600 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
Comments