کھیل

سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

  • پہلا میچ 8 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا
شائع January 25, 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 8 سے 14 فروری تک سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ابتدائی دو میچز ہوں گے جب کہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا آغاز 8 فروری کو ہوگا، افتتاحی میچ دوپہر دو بجے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پیر 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا، اس میچ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق ان دو میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

سہ ملکی سیریز کا فائنل جمعہ 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں جمعرات 6 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جب کہ جنوبی افریقی کی تاریخی گراؤنڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری اتوار کی صبح ہوگی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے، پورے وینیو میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ نشریاتی معیار کو بڑھانے کیلئے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ناظرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جن کی لمبائی 80 فٹ x 30 فٹ اور 22 فٹ x 35 فٹ ہے۔

Comments

200 حروف