وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خزانہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور پاکستان کی بہتر بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ اور حالیہ معاشی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے ساتھ اپنی ملاقات میں محمد اورنگ زیب نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اہم اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

دونوں وزراء نے علاقائی اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری اور مالی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ ملاقات ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی جو 20 اور 24 جنوری کو ’کولابوریشن فوردی انٹیلیجنٹ ایج‘ کے موضوع پر منعقد ہو رہی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے نشریاتی ادارے کے مطابق اورنگزیب نے اپنے سعودی ہم منصب کو ساختی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور ریگولیٹری بہتری کے بارے میں آگاہ کیا جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے۔

فریقین نے مشترکہ خوشحالی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب قریبی علاقائی شراکت دار اور معاشی اتحادی ہیں اور دونوں ممالک نے گزشتہ سال اکتوبر میں 2.8 ارب ڈالر مالیت کے 34 معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔ سعودی عرب میں 2.7 ملین سے زائد پاکستانی تارکین وطن مقیم ہیں، جو مالی بحران سے دوچار پاکستان کے لئے سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔

علاوہ ازیں محمد اورنگ زیب نے قطر کے وزیر خزانہ علی احمد الکواری سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی حالیہ معاشی پیش رفت اور بین الاقوامی مالیاتی درجہ بندی میں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔

محمد اورنگ زیب اور علی احمد الکواری نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پاتھ فائنڈر گروپ کی جانب سے ”پاکستان میں سرمایہ کاری“ کے موضوع پر دیئے گئے پاکستان پویلین ظہرانے کے مہمان خصوصی بھی تھے۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور ملک میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کے منیجنگ ڈائریکٹر اولیور شواب بھی تقریب کے مقررین میں شامل تھے۔

ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر محمد اورنگزیب نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر انیتا زیدی سے بھی بات چیت کی۔

انہوں نے غذائیت، صحت اور پولیو کے خاتمے کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے فاؤنڈیشن کو صحت سے متعلق ان اہم اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت کے عزم اور فاؤنڈیشن کے ساتھ اس کی شراکت داری سے آگاہ کیا۔

Comments

200 حروف