وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ (سابقہ شیل پاکستان لمیٹڈ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے زبیر شیخ کوعبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے ۔
لسٹڈ کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق وقار صدیقی 31 جنوری 2025 کو وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے زبیر شیخ کو کمپنی کا عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے جس کا اطلاق یکم فروری 2025 سے ہوگا۔
یاد رہے کہ منگل کو شیل پاکستان لمیٹڈ (شیل) نے اپنے نام کو باقاعدہ طور پر ”وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ“ میں تبدیل کر لیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نام کی تبدیلی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔
یہ تبدیلی وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ (وافی) کی جانب سے شیل کے اضافی 22,165,837 عام حصص کے حصول کے بعد کی گئی جو کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریباً 10.36 فیصد ہے۔
جولائی میں سعودی گروپ آصف ہولڈنگ نے متحدہ عرب امارات میں قائم وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 165,700,304 یا 77.42 فیصد حصص اور کنٹرول حاصل کیا۔
وافی کے پاس اب شیل کے 187,866,141 عام حصص ہیں، جو کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریبا 87.78 فیصد ہے۔
دریں اثنا پیرنٹ کمپنی شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے شیل میں اپنی شیئر ہولڈنگ ختم کردی۔
واضح رہے کہ ڈیویسٹمنٹ کا عمل جون 2023 میں اس وقت شروع ہوا جب شیل پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایس پی سی او) نے پاکستانی ادارے میں اپنے حصص فروخت کرنے کے ارادہ ظاہر کیا ہے ۔
Comments