ایم سی بی کے نعمان چغتائی کو اسٹیٹ بینک سے ایف پی ٹی کلیئرنس مل گئی
- دسمبر میں ایم سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شعیب ممتاز کی جگہ نعمان چغتائی کو صدر و سی ای او مقرر کیا تھا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے محمد نعمان چغتائی کو ایم سی بی بینک لمیٹڈ کے صدرو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر فٹ اینڈ پروپر ٹیسٹ (ایف پی ٹی) میں کلیئر کردیا ۔
پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک ایم سی بی بینک نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 11 دسمبر 2024 کو لکھے گئے خط کے تسلسل میں یہ بتایا جاتا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے ایم سی بی بینک لمیٹڈ کے صدر و سی ای او محمد نعمان چغتائی کی ایف پی ٹی کی منظوری دے دی ہے۔
گزشتہ ماہ ایم سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے شعیب ممتاز کی جگہ محمد نعمان چغتائی کو صدر اور سی ای او مقرر کیا تھا۔
ایم سی بی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق نعمان چغتائی اس وقت ایم سی بی میں گروپ ہیڈ آف رسک مینجمنٹ گروپ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایم سی بی بینک لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ایم سی بی بینک لیزنگ آذربائیجان کے بورڈ میں بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔
نعمان چغتائی کو مقامی اور غیر ملکی بینکوں میں رسک مینجمنٹ اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبے میں 25 سال سے زائد کا پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے۔
وہ چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ (سی ایف اے) ہیں اور انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے فنانس اینڈ مارکیٹنگ میں ایم بی اے کیا ہوا ہے۔ انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی سے الیکٹرانکس انجینئرنگ میں بی ای کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔
Comments