شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی ، 4 دہشت گرد ہلاک
- آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، خارجی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے افغان طالبان پر سرحد پار حملوں کے ذمہ دار ٹی ٹی پی عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
یاد رہے کہ 12 جنوری کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فوجیوں نے خوارج کے مقام پر موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں چھ خوارج کو جہنم بھیج دیا گیا جبکہ دو خوارج کو گرفتار کیا گیا۔
Comments