پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو بھی خریداری کا رجحان جاری ہے جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 10 بجکر 20 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 915.47 پوائنٹس یا 0.8 فیصد اضافے سے 115,719.63 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مارکیٹ استحکام کے مرحلے میں ہے جس کی وجہ نئے محرکات کی کمی ہے۔

بروکریج ہاؤس کا کہنا تھا کہ آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس ”ایک اہم سنگ میل ہوگا جہاں 100 بیسس پوائنٹس سے زائد کی ممکنہ کمی یا مستقبل کے رجحان پر رہنمائی مارکیٹ کی سمت کا تعین کرے گی۔“

ان کا کہنا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ (جو اگلے ہفتے عہدہ سنبھالے گی) پر گہری نظر رکھی جائے گی کہ آیا عمران خان کی جیل سے رہائی کے لیے کسی دباؤ کے اشارے سامنے آتے ہیں (اگرچہ قریبی مدت میں یہ امکان بہت کم ہے)۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی او ایل، اینگرو، ایم ای بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک مثبت زون میں رہے۔

یاد رہے کہ منگل کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 574.11 پوائنٹس یا 0.5 فیصد اضافے سے 114804.17 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی مارکیٹیں بدھ کو محتاط رہیں جبکہ سرمایہ کار امریکی صارف قیمتوں کے ڈیٹا کا انتظار کر رہے ہیں جو اس سال شرح سود میں کمی کے امکانات کو کم کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ سرمایہ کار یہ دیکھنے کے منتظرہیں کہ کیا بڑے بینکوں کی کمائی بلند توقعات پر پوری اترتی ہے۔

امریکی ایکویٹی فیوچرز ایشیا میں قدرے مثبت رہے جہاں ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.1 فیصد اور نیسڈیک 100 فیوچرز میں 0.2 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

جاپان کا نکئی انڈیکس ابتدائی اضافہ کھو کر 0.1 فیصد کی کمی پر بند ہوا،اس طرح مسلسل پانچویں دن خسارے کا شکار رہا۔

ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس برائے ایشیا پیسیفک (جاپان کے علاوہ) میں0.1 فیصد کمی واقع ہوئی۔ چین کے بلیو چپ اسٹاکس میں 0.4 فیصد کی کمی آئی جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.3 فیصد نیچے آ گیا۔

ایشیا میں سامنے آنے والی دوسری خبر کے مطابق، امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ٹیک بلینئر ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا، کیونکہ انہوں نے 2022 میں ٹوئٹر کے عام اسٹاک کا 5 فیصد سے زیادہ خریدنے کی اطلاع بروقت نہیں دی تھی۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Comments

200 حروف