وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اورنگزیب نے جان لی سے ملاقات کے دوران فنانس، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مشترکہ اقدار اور مفادات کو اجاگر کیا جو دونوں خطوں کو جوڑتے ہیں اور ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ اورنگزیب اور چیف ایگزیکٹو جان لی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد موضوعات پر تعمیری بات چیت کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بات چیت کا مقصد قریبی تعلقات کو فروغ دینا اور باہمی ترقی اور خوشحالی کی راہیں تلاش کرنا ہے۔

اس موقع پر جان کے سی لی نے اورنگزیب کے دورے کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اقتصادی ترقی، جدت طرازی اور ثقافتی تبادلے کو آگے بڑھانے کے لئے مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت کو تسلیم کیا اور اس طرح کے تعاون کے باہمی فوائد پر زور دیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی کے درمیان ہونے والی ملاقات نے دونوں فریقین کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں بامعنی روابط کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی مثال پیش کی۔

بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ہانگ کانگ میں قونصل جنرل ریاض احمد شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Comments

200 حروف