شیل پاکستان لمیٹڈ (ایس ای ایل) نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کرکے ’وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ‘ رکھ لیا ہے، جس کا اطلاق 13 جنوری 2025 سے ہوگا۔
یہ پیش رفت سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے نام کی تبدیلی سے متعلق سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن کے اجراء کے بعد سامنے آئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایس ای سی پی نے 13 جنوری 2025 کو نام کی تبدیلی پر سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن جاری کیا ہے۔ ایس ای ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں مزید کہا ہے کہ کمپنی کا نام 13 جنوری 2025 سے ’شیل پاکستان لمیٹڈ‘ سے بدل کر ’وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ‘ کر دیا گیا ہے۔
کمپنی نے ایس ای سی پی کے سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن کی کاپی بھی شیئر کی۔
ایس ای سی پی کے بیان کہا گیا کہ اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعہ 13 (2017 کی XIX) اور کمپنیوں کے ریگولیشن 6 کے مطابق شیل پاکستان لمیٹڈ کا نام تبدیل کرکے وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کر دیا گیا ہے اور مذکورہ کمپنی کو مذکورہ ایکٹ کی دفعات کے تحت باقاعدہ طور پر ایک کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ یہ تبدیلی اس شرط سے مشروط ہے کہ اس سرٹیفکیٹ کے اجراء کی تاریخ سے نوے دن تک کمپنی ہر دفتر یا جگہ کے باہر اور ہر دستاویز یا نوٹس میں اپنے پرانے نام کے ساتھ اپنے نئے نام کا ذکر کرتی رہے گی۔
گزشتہ سال اکتوبر میں شیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے کمپنی کا نام تبدیل کرکے مجوزہ ’وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ‘ کرنے کی منظوری دی تھی۔
یہ پیش رفت وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ (وافی) کی جانب سے شیل پاکستان لمیٹڈ کے اضافی 22,165,837 عام حصص کے حصول کے بعد سامنے آئی، جو کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریبا 10.36 فیصد ہے۔
جولائی میں سعودی گروپ آصف ہولڈنگ نے متحدہ عرب امارات میں قائم وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 165,700,304 یا 77.42 فیصد حصص اور کنٹرول حاصل کیا۔
وافی کے پاس اب شیل کے 187,866,141 عام حصص ہیں، جو کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریبا 87.78 فیصد ہے۔
دریں اثنا، پچھلی پیرنٹ کمپنی شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے ایس ای ایل میں اپنی شیئر ہولڈنگ ختم کردی۔
سرمایہ کاری کا عمل جون 2023 میں اس وقت شروع ہوا جب شیل پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایس پی سی او) نے پاکستانی ادارے میں اپنے حصص فروخت کرنے کے ارادے سے آگاہ کردیا ہے۔
اس وقت شیل پاکستان نے کہا تھا کہ اس پیش رفت کا اس کے موجودہ کاروباری آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، جو جاری رہے گا۔
Comments