کے پی میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 8 دہشت گرد ہلاک
- علاقے میں مزید خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کے دوران 8 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسرا آپریشن ضلع خیبر کی تیراہ وادی میں کیا گیا جس میں فوجیوں نے 2 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کے پی میں جاری فوجی آپریشنز کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک میں دہشت گردوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی سے ختم کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں، سیکیورٹی فورسز کی قابل ذکر کامیابیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے اہم دہشت گرد رہنماؤں کا تعاقب کیا اور ان کا خاتمہ کیا ہے اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا ہے جس سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ ہماری سرزمین پر دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
Comments