بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 27 دہشت گرد ہلاک کردیئے، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 جنوری کو ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خفیہ طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا اور موثر طور پر اسے نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے کے ساتھ متعدد خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تازہ آپریشن میں مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے، جس میں ملک نے افغان طالبان پر سرحد پار حملوں کے ذمہ دار ٹی ٹی پی عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے سفیر محمد صادق کو دوبارہ افغانستان میں پاکستان کا نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے۔
سفیر محمد صادق کے مینڈیٹ میں سیکورٹی خدشات کو دور کرنا، خاص طور پر ٹی ٹی پی سے متعلق امور، دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال روکنا اور سفارتی روابط کو فروغ دینا شامل ہے۔
Comments