ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی کمی
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 10 پیسے کی تنزلی سے 278.68 روپے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے روپیہ دو پیسے کی تنزلی سے 278.58 روپے پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر ڈالر نے پیر کو مضبوط آغاز کیا، جبکہ اس کے دیگر حریف کئی سال کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئے، اس کے بعد امریکی روزگار کے اعدادوشمار کی رپورٹ سامنے آئی جس نے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کی عالمی معیشت کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کو اجاگر کیا۔
مارکیٹیں اب اس سال فیڈ کی شرح سود میں صرف 27 بیسس پوائنٹس کی کمی کی توقع کررہی ہیں، جو سال کے آغاز میں تقریباً 50 بیسس پوائنٹس تھی۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھاری درآمدی محصولات، ٹیکس کٹوتیوں اور امیگریشن پر پابندیوں کے منصوبوں سے یہ توقعات مزید مضبوط ہو گئی ہیں کہ یہ افراط زر کو بڑھا سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں شرح سود میں کمی کا دور کم جارحانہ نظر آرہا ہے۔ وہ ایک ہفتے میں دوبارہ وائٹ ہاؤس واپس آ رہے ہیں۔
اس سے قبل بدھ کو امریکی افراط زر پر ڈیٹا جاری کیا جائے گا، جہاں اگر کوئی غیر متوقع اضافہ ہوا تو اس سے شرح سود میں کمی کے دروازے کو مکمل طور پر بند کرنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اس ہفتے فیڈ کے متعدد عہدیداران بھی تقریر کرنے والے ہیں۔
امریکی ڈالر متعدد کرنسیوں کے مقابلے میں 109.67 پر مستحکم رہا جو نومبر 2022 کے بعد اپنی سب سے مضبوط سطح کے قریب ہے۔
Comments