پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے احمد حیات لک کو تین سال کی مدت کے لیے دوبارہ منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی ای اینڈ پی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں بتایا گیا ہےکہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے احمد حیات لک کو 9 جنوری 2025 سے 3 سال کی مدت کے لیے کمپنی کا منیجنگ ڈائریکٹر/ سی ای او مقرر کیا ہے۔
فروری 2023 میں احمد حیات لک کو او جی ڈی سی ایل کا ایم ڈی اور سی ای او مقرر کیا گیا تھا۔
او جی ڈی سی ایل کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، احمد حیات لَک کمپنی سیکرٹری اور ہیڈ آف لیگل سروسز کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ماری)، ریکو ڈک مائننگ کمپنی لمیٹڈ (آر ڈی ایم سی)، پاکستان منرلز پرائیویٹ لمیٹڈ (پی ایم پی ایل) اور پاکستان انٹرنیشنل آئل لمیٹڈ (پی آئی او ایل) کے بورڈز میں ڈائریکٹر ہیں۔
او جی ڈی سی ایل میں شمولیت سے قبل وہ پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) میں ہیڈ آف کارپوریٹ اینڈ لیگل سروسز کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (این اے بی) میں بھی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے نے یونیورسٹی آف وولورہیمپٹن برطانیہ سے قانون میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری حاصل کی اور یونیورسٹی آف لندن، برطانیہ سے بیچلر آف لاء (آنرز) کی ڈگری حاصل کی۔
Comments