ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے منگل کے روز چین کے علاقے ژیزانگ میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چینی حکومت اور عوام کی امدادی کوششوں میں مدد کی پیش کش کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں زخمیوں اور لاپتہ افراد کے ساتھ ہیں۔
چین کے حکام کا کہنا ہے کہ تبت کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک کے قریب کوہ ہمالیہ کے شمالی علاقے میں منگل کے روز 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد ہلاک اور ہمسایہ ممالک نیپال، بھوٹان اور بھارت میں عمارتیں لرز اٹھیں۔
امریکی جیولوجیکل سروس کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نے چھ گھنٹے بعد خبر دی کہ تبت میں کم از کم 95 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے چین کے علاقے ژیزانگ میں زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور املاک کی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کا شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ایکس ہینڈل پرایک پوسٹ میں لکھا کہ ’پوری پاکستانی قوم اس سانحے پر گہری رنجیدہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان، ان کے اہل خانہ اور ہر متاثرہ شخص سے انہیں ہمدردی ہے اور وہ ان کی دعاؤں میں شریک ہیں۔
Comments