متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے اور مزید سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم
- وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات
شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے جنوری میں واجب الادا 2 ارب ڈالرز رول اوور کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے اپنی حالیہ ملاقات کی تفصیلات شیئر کیں۔
ملاقات کے دوران شیخ زید النہیان نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ شیخ زید النہیان نے 2 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی موخر کردی جو جنوری میں واجب الادا تھی۔
رحیم یار خان میں وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ زید النہیان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے معاشی اور سیاسی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں اور خلیجی ریاست بھی پاکستان میں اہم سرمایہ کاروں میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ کاروباری تعلقات بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک توانائی کی لاگت کو کم نہیں کیا جاتا، ہماری صنعت اور برآمدات ترقی نہیں کر سکتیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے 2 سے 3 آپشنز پیش کیے ہیں جن پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس معاملے پر بات چیت کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرنا ہوگا۔
پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے قرض پروگرام کے تحت ہے، جس پر گزشتہ سال جولائی میں دستخط کیے گئے تھے۔
Comments