دوست اسٹیلز لمیٹڈ (ڈی ایس ایل) نے بتایا ہے کہ وہ سال 2025 میں اپنے آپریشنز دوبارہ شروع کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ ورکنگ کیپٹل میں کمی اور مالی چیلنجزہیں۔
لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بدقسمتی سے کمپنی ناکافی ورکنگ کیپٹل کی وجہ سے اس سال اپنا کمرشل آپریشن دوبارہ شروع کرنے سے قاصر ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اگرچہ اس کی کوششیں جاری ہیں لیکن مالی پابندیاں اس کی مکمل پیداوار کو دوبارہ شروع کرنے کی صلاحیت میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔
کمپنی نے کہا کہ ہم اپنے مالی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے کام کر رہے ہیں اور فی الحال بقایا قرضوں کو حل کرنے کے لئے بینکوں کے سنڈیکیٹ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، یہ قدم آپریشنز کی بحالی اور کمپنی کی مستقبل کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔
حالیہ پیش رفت کے بعد دوست اسٹیلز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 0.15 روپے یا 2.19 فیصد کی کمی سے 6.71 روپے ریکارڈ کی گئی ۔
کمپنی کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق مالی سال 24 میں کمپنی کو 242 ملین روپے کا نقصان ہوا تھا۔
دوست سٹیلز لمیٹڈ کو 19 مارچ 2004 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
کمپنی کا بنیادی کاروبار اسٹیل، ڈائرکٹ ریڈیوسڈ آئرن، اسپونج آئرن، ہاٹ بریکویٹیڈ آئرن، کاربن اسٹیل، پگ آئرن اور خصوصی الائے اسٹیل کی مختلف اشکال، سائز اور شکلوں میں تیاری شامل ہے، نیز وہ کوئی بھی دیگر مصنوعات جو موجودہ سہولتوں میں تیار کی جا سکتی ہیں۔
Comments