مارکٹس

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی کمی

انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔...
شائع January 7, 2025

۔

انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے قدر میں 5 پیسے کی کمی کے ساتھ روپیہ 278 روپے 67 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پیر کو روپیہ 278.62 پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پرڈالر منگل کو اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا کیونکہ تاجروں نے غور کیا کہ آیا نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے محصولات ان کے وعدوں کے مقابلے میں کم سخت ہوں گے۔

پیر کو واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے بعد ڈالر یورو اور اسٹرلنگ جیسی کرنسیوں کے مقابلے میں نیچے آگیا، جس میں بتایا گیا کہ ٹرمپ کے معاونین ایسے منصوبوں پر غور کر رہے ہیں جو صرف ان شعبوں پر محصولات عائد کریں گے جو امریکی قومی یا اقتصادی سلامتی کے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔

تاہم، کرنسی نے اپنی قدر کچھ حد تک بحال کرلی جب ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اس رپورٹ کی تردید کی۔

یورو، اسٹرلنگ اور چار دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں کرنسی کا اندازہ لگانے والا ڈالر انڈیکس راتوں رات 107.74 تک گرنے کے بعد 108.38 تک پہنچ گیا جو 30 دسمبر کے بعد سب سے کمزور ہے۔

2 جنوری کو انڈیکس نومبر 2022 کے بعد پہلی بار 109.58 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا ، جس کی بڑی وجہ یہ توقعات تھیں کہ ٹرمپ کے وعدے کے مطابق مالی محرک ، کم ریگولیشن اور زیادہ محصولات سے امریکی ترقی کو فروغ ملے گا۔

منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جس سے گزشتہ ہفتے کی تیزی کے بعد مسلسل دوسرے سیشن میں نقصانات میں اضافہ ہوا اگرچہ مغربی پابندیوں میں اضافے کی وجہ سے روس اور ایران کی تیل سپلائی میں کمی کے خدشات نے قیمتوں کو مزید گرنے سے بچالیا۔

برینٹ فیوچرز 8 سینٹ یا 0.1 فیصد کی کمی سے 76.22 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 15 سینٹ یا 0.19 فیصد کی کمی سے 73.42 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

Comments

200 حروف