انسانی اسمگلروں کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں، وزیراعظم کا ایف آئی اے کو حکم
- ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرکے استغاثہ کو مضبوط بنایا جائے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے اثاثے ضبط کرنے اور ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرکے استغاثہ کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں یونان کے ساحل پر کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں 80 سے زائد پاکستانی ڈوب گئے تھے جن میں سے 36 کو بچا لیا گیا تھا۔ باقی لوگوں کو مردہ تصور کیا گیا ہے، کیونکہ ان کے بارے میں ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ایف آئی اے امیگریشن کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تین انسانی اسمگلروں اور ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر پاکستانیوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کے الزام میں مجموعی طور پر 30 سے زائد ایف آئی اے افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے یونان کے ساحل پر کشتی الٹنے کے حالیہ واقعے کے تناظر میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایف آئی اے پر واضح کیا کہ وہ گندے کاروبار پر رحم نہ کرے۔
ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انسانی اسمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث اپنے اہلکاروں کو دوسروں کے لئے مثال بنائے جبکہ اسمگلروں اور ان کے ساتھیوں کی حمایت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کام کرنے والے انسانی اسمگلنگ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہئے تاکہ دوسروں کے لئے سبق کا کام کیا جاسکے۔
شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک سے انسانی اسمگلنگ کی گھناؤنی تجارت کرنے والے پاکستانی شہریوں کی حوالگی کے لئے بیرونی ممالک کے ساتھ تعاون کرے۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو وزارت اطلاعات کے تعاون سے غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی جس کا مقصد لوگوں کو قانونی ذرائع سے بیرون ملک روزگار تلاش کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں تکنیکی تربیتی اداروں کو ایسے سرٹیفائیڈ پروفیشنلز تیار کرنے پر زیادہ توجہ دینی چاہیے جو عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔
وزیراعظم نے حکام کو بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر اسکریننگ پروٹوکول میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments