پاکستان میں قائم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی سمیٹری گروپ (ایس وائی ایم) نے متحدہ عرب امارات کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایلف ہولڈنگز کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

ایس وائی ایم نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا اور اس شراکت داری کے پہلے سال میں تقریباً 5 ملین ڈالر کا اضافی کاروبار حاصل کرنے کے حوالے سے پرامیدی کا اظہار کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ سمیٹری گروپ یہ اعلان کرتے ہوئے پرجوش ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی ایلف ہولڈنگز کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جو 140 سے زائد مارکیٹوں میں ایڈ ٹیک سلوشنز فراہم کرتی ہے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ ایلف ہولڈنگز سپوٹیفائی کی نمائندگی کرتا ہے جو دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہے اور جس کے ماہانہ 550 ملین سے زائد فعال صارفین ہیں۔

کمپنی کے مطابق پلیٹ فارم کے صارفین کی تعداد مقامی مارکیٹ میں بھی نمایاں اضافہ ظاہر کرچکے ہیں۔

اس پیش رفت کے بعد سمیٹری گروپ کے حصص کی قیمت 0.69 روپے یا 3.26 فیصد اضافے سے 21.88 روپے ہوگئی۔

گزشتہ سال ستمبر میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ خلیجی ملک میں اپنی مکمل ملکیت کا ماتحت ادارہ قائم کرے گی۔

کمپنی نے اس وقت کہا تھا کہ یہ ذیلی ادارہ اندرون ملک تیار کردہ انٹلیکچوئل پراپرٹیز (مصنوعات) کو عالمی سطح پر لانچ کرنے اور اسکیلنگ کی راہ ہموار کرے گا۔

کمپنی کا خیال تھا کہ اس اقدام سے سمیٹری گروپ کی ساکھ میں اضافہ ہوگا اور جی سی سی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں کاروباری مواقع تک زیادہ رسائی حاصل ہوگی۔

یہ شراکت داری مشترکہ منصوبوں کی تشکیل اور بین الاقوامی معاہدوں کے حصول میں بھی لچک فراہم کریگی۔

مزید برآں یہ اسٹریٹجک قدم مالی ڈھانچے کو مؤثر انداز میں ترتیب دینے اور آپریشنز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انوکھے کاروباری مواقع اور عالمی سطح پر اسٹریٹجک سرمایہ کاریوں کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔“

سمیٹری گروپ لمیٹڈ ایک معروف ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تجربات فراہم کرنے والی کمپنی ہے جو اپنے ڈیجیٹل حکمت عملی، تبدیلی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل کامرس، ڈیٹا سائنس، نقل و حرکت، ریٹیل/ریسرچ، اور انٹرایکٹو مارکیٹنگ میں مہارت کے ساتھ اہم کاروباری افعال کی تبدیلی اور ڈیجیٹلائزیشن میں ماہر ہے۔

Comments

200 حروف