مارکٹس

اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس تقریباً 1332 پوائنٹس گرگیا

  • کمرشل بینکوں، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ
شائع January 6, 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 1332 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک انڈیکس 1 لاکھ 18 ہزار 765 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔

تاہم جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کا رجحان غالب آگیا جس نے 100 انڈیکس کو 115,941 کی کم ترین سطح پر پہنچا دیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,331.86 پوائنٹس یا 1.13 فیصد کی کمی کے ساتھ 116,255.13 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ حبکو، پی ایس او، شیل، ایس ایس جی سی، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور این بی پی کے حصص میں مندی کا رجحان رہا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ ہمیں لگتا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر میں قیمتوں کی کمی پر سرمایہ کاری کرنے کا اچھا موقع ہے،کیونکہ اگر ہمارے خیال میں قیمتوں کے تعین کا نظم و ضبط برقرار رہا تو یہ شعبہ اگلے چھ ماہ میں دفاعی شعبوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

گزشتہ ہفتے پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور 3 جنوری 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیادوں پر 6235.80 پوائنٹس کے اضافے سے 117586.98 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر پیر کو ایشیا میں شیئر مارکیٹس نے مکس ردعمل ظاہر کیا کیونکہ اس ہفتے اقتصادی خبروں کی بھرمار متوقع ہے، جو امریکہ کی نسبتاً بہتر کارکردگی کو واضح کریں گی اور ڈالر کی مضبوطی کے رجحان کو مزید تقویت دیں گی۔

گلوب اینڈ میل کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو پیر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔

امریکی اقتصادی اعدادوشمار میں سب سے اہم رپورٹ جمعہ کو دسمبر کی پے رولز رپورٹ ہے، جس میں تجزیہ کاروں کی توقع ہے کہ 150,000 کی اضافی نوکریاں شامل ہوں گی اور بے روزگاری کی شرح 4.2 فیصد پر برقرار رہے گی۔

ان کا جائزہ اے ڈی پی کی بھرتیوں، ملازمتوں کے مواقع، اور ہفتہ وار بے روزگاری کے دعووں کے ڈیٹا کے ساتھ ساتھ مینوفیکچرنگ، سروسز اور صارفین کے جذبات کے سرویز کی روشنی میں لیا جائے گا۔

کسی بھی مثبت اعداد و شمار سے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کم کٹوتیوں کے حق میں مزید دلائل ملیں گے، اور مارکیٹس نے پہلے ہی 2025 کے لیے توقعات کو صرف 40 بیسس پوائنٹس تک محدود کردیا ہے۔

فیڈ کے آخری اجلاس کے منٹس جو بدھ کو جاری ہوں گے، ان کے ڈاٹ پلاٹ پیش گوئیوں پر مزید تفصیل فراہم کریں گی جبکہ اس دوران کم از کم 7 اہم پالیسی سازوں کی تقاریر ہوں گی، جن میں بااثر فیڈ گورنر کرسٹوفر والر بھی شامل ہیں۔

ایم ایس سی آئی کا جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک شیئرز کا سب سے وسیع انڈیکس 0.6 فیصد اضافہ کے ساتھ بند ہوا حالانکہ گزشتہ ہفتے میں اس نے ایک فیصد کمی کی تھی۔

دریں اثنا انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبارکے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر میں 6 پیسے کی کمی کے ساتھ روپیہ 278 روپے 62 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعہ کے روز 935.78 ملین سے کم ہو کر 819.80 ملین رہ گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 39.62 ارب روپے سے گھٹ کر 38.33 ارب روپے رہ گئی۔

سنرجیکو پی کے 83.17 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، اس کے بعد فوجی فوڈز لمیٹڈ 47.30 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور ورلڈ کال ٹیلی کام 41.29 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

پیر کو 458 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 113 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 291 میں کمی جبکہ 54 میں استحکام رہا۔

 ۔
۔

Comments

200 حروف