ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی کمی
انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 6 پیسے کی کمی کے ساتھ 278.62 روپے پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 9 پیسے یا 0.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق روپیہ 278.56 روپے پر بند ہوا جو ایک ہفتہ قبل 278.47 روپے پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر پیر کو ڈالر کی قدر میں کمی آئی لیکن یہ دو سال کی بلند ترین سطح کے قریب رہا کیونکہ ٹریڈرز کو دسمبر کی نان فارم پے رول رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے جاری ہونے والے امریکی اقتصادی اعدادوشمار کا انتظار ہے تاکہ فیڈرل ریزرو کے شرح سود کے نقطہ نظر کے بارے میں مزید اشارے مل سکیں۔
اس کے علاوہ چینی یوآن بھی توجہ کا مرکز رہا، جو جمعہ کو 14 ماہ میں پہلی بار 7.3 فی ڈالر کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا،یہ اس وقت ہوا جب چینی مرکزی بینک (پیپلز بینک آف چائنا) نے دسمبر کے بیشتر حصے میں اس اہم حد کا جارحانہ دفاع کیا ۔
آن شور یوان آخری اطلاعات کے مطابق 0.05 فیصد کم ہو کر 7.3252 فی امریکی ڈالر پر دیکھا گیا تھا جبکہ آف شور یوان 0.15 فیصد بڑھ کر 7.3487 فی امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔
وسیع تر مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی توجہ جمعہ کو جاری ہونے والی امریکی ملازمتوں کی رپورٹ پر مرکوز تھی، تاکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کی حالت کے بارے میں مزید وضاحت حاصل کی جا سکے۔
رواں ہفتے فیڈ کے متعدد پالیسی ساز بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ ممکنہ طور پر اپنے ساتھیوں کے حالیہ تبصروں کا اعادہ کریں گے کہ افراط زر پر قابو پانے کے خلاف لڑائی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔
امریکی ڈالر نے اس سال فیڈ کی جانب سے کم شرح کٹوتیوں کی توقعات سے مضبوطی حاصل کرنا جاری رکھا ہے اور گزشتہ ہفتے دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے یورو دو سال سے زیادہ عرصے میں اپنی کمزور ترین سطح پر آ گیا۔
پیر کے روز تیل کی قیمتوں ، جو کرنسی کی برابری کا ایک اہم اشارہ ہے، میں کمی آئی ، جو مضبوط ڈالر کے دباؤ میں لیکن اکتوبر کے وسط کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح پر برقرار رہا کیونکہ سرد موسم کے باعث خریداری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ایرانی اور روسی تیل کی برآمدات پر سخت پابندیوں کی توقعات سے مزید سہارا ملی۔
برینٹ کروڈ فیوچرز 33 سینٹ یا 0.4 فیصد کی کمی سے 76.18 ڈالر فی بیرل پر آگیا جو 14 اکتوبر کے بعد ان کی بلند ترین سطح ہے۔
یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 35 سینٹ یا 0.5 فیصد کی کمی کے ساتھ 73.61 ڈالر پر بند ہوا جو 14 اکتوبر کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔
Comments