اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے عبدالصمد داؤد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
اینگرو نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 3 جنوری 2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں عبدالصمد داؤد کو محمد شمعون چوہدری کی جگہ 3 جنوری 2025 سے کمپنی کا سی ای او تعینات کرنے کی منظوری دی۔
بورڈ محمد شمعون چوہدری کی بطور سی ای او خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
عبدالصمد داؤد کے بارے میں
اینگرو کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق عبدالصمد داؤد اس وقت داؤد گروپ کی سرمایہ کاری کمپنی داؤد ہرکولیس کارپوریشن کے بورڈ کے وائس چیئر ہیں۔
وہ اس سے قبل اینگرو کارپوریشن کے بورڈ کے وائس چیئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ، جو داؤد ہرکولیس کارپوریشن کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے۔
وہ یونیورسٹی کالج لندن، برطانیہ سے معاشیات میں گریجویٹ ہیں اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس سے کارپوریٹ گورننس کے سرٹیفائیڈ ڈائریکٹر ہیں۔
مینجمنٹ اور گورننس میں 20 سال سے زائد کے تجربے کے ساتھ عبدالصمد داؤد انضمام اور حصول (ایم اینڈ اے) کے معاہدوں میں مہارت رکھتے ہیں، جس میں داؤد گروپ کا 2012 میں نیشنل پاور انٹرنیشنل ہولڈنگز سے حبکو کا حصول اور 2015 میں فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کو ڈی ایچ فرٹیلائزرز کی فروخت شامل ہے۔
عبدالصمد داؤد کو اینگرو فوڈز (اینگرو کارپوریشن کے ماتحت ادارے) کو عالمی ڈیری کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا میں انضمام کی قیادت کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی اور اس کے بعد سے وہ فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
داؤد پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے بورڈ میں ایک فعال ڈائریکٹر بھی ہیں۔ وہ داؤد فاؤنڈیشن، کے ایس بی ایل، سیان لمیٹڈ، داؤد لارنس پور لمیٹڈ اور ریون (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈز میں ڈائریکٹر ہیں۔
گورننس کے علاوہ عبدالصمد داؤد داؤد ہرکولیس کارپوریشن لمیٹڈ اور سیان لمیٹڈ کے سی ای او کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور ینگ پریزیڈنٹ آرگنائزیشن کے سرگرم رکن ہیں۔
Comments