پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب ٹخنے کی انجری کے فوری علاج کے لیے لندن جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
میچ کے پہلے دن کے ساتویں اوور میں صائم ایوب کو اس وقت ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جب وہ ڈائیو لگاکر گیند کو باؤنڈری لائن تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس کے بعد انہیں اسٹریچر پر گراؤنڈ سے لے جایا گیا۔
طویل علاج کے باوجود سائم اپنے دائیں ٹخنے پر کوئی وزن ڈالنے کے قابل نہیں ہو سکے جس کے بعد انہیں اسپتال لے جا کر اسکینز کروائے گئے۔
اس دن کھیل کے بعد پی سی بی نے تصدیق کی کہ وہ میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کا اسکین اور ایم آر آئی کیا گیا ہے اور ان کی رپورٹس لندن بھیج دی گئی ہیں تاکہ ان کے علاج اور کرکٹ سے دور رہنے کے بارے میں مزید تجاویز حاصل کی جاسکیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق انہوں نے صائم ایوب سے فون پر بات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صائم ایوب کا انگلینڈ میں اسپورٹس آرتھو اسپیشلسٹ ڈاکٹرز چیک اپ کریں گے کیونکہ پی سی بی نے ان کا فوری اپوائنٹمنٹ کروایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل ٹیم پورے معاملے کو دیکھ رہی ہے اور ڈاکٹر ممریز نے صائم کی میڈیکل رپورٹس انگلینڈ میں موجود ماہرین کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کے شاندار اسٹائلش بلے باز اور اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کا علاج دنیا کے بہترین اسپتال میں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ان کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ہمیں امید ہے کہ بائیں ہاتھ کا بلے باز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب پہلی دستیاب پرواز پر کیپ ٹاؤن سے لندن جائیں گے اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
Comments