بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی کی بس پر بم حملہ، 4 افراد جاں بحق
- وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حملے کی مذمت کی ہے
بلوچستان کے علاقے تربت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی بس پر بم حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ بات آج نیوز نے اپنی رپورٹ میں پولیس حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 8 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاقوں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سال 2024 پاکستان کی سول اور ملٹری سیکورٹی فورسز کے لیے بدترین ادوار میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے جس میں دہشت گردی کے کل 444 واقعات میں کم از کم 685 اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اموات کی مجموعی تعداد، جس میں عام شہری اور سیکورٹی اہلکار دونوں شامل ہیں، 1,612 تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال ریکارڈ کی گئی کل اموات کا 63 فیصد سے زیادہ ہے۔ ہلاک ہونے والے 934 عسکریت پسندوں کے مقابلے میں نقصانات میں 73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2024 میں ریکارڈ کی گئی اموات نو سالوں میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ 2023 کے اعداد و شمار سے 66 فیصد زیادہ ہیں۔ اوسطا یومیہ 7 جانوں کا ضیاع ہوتا رہا ہے۔
Comments