مارکٹس

شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس: وفاقی وزیر کی چینی کی قیمتوں میں استحکام کی یقین دہانی

شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس: تنویر احمد کی چینی کی قیمتوں میں استحکام کی یقین دہانی
شائع January 3, 2025

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مصنوعی قلت اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رانا تنویر احمد نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں گنے کی فصل کے تخمینوں اور سیزن 2024-25 کے لئے ممکنہ منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چینی کی پیداوار اور اس کی ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ موجودہ پیداواری تخمینوں کی بنیاد پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت سے بچایا جا سکے۔

رانا تنویراحمد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے پوری طرح سے پرعزم ہے اور صوبوں کو چینی کی قیمتوں کی کڑی نگرانی اور کنٹرول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنائیں اور ہرطرح کی ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی روک تھام کریں۔

رانا تنویراحمد نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے تعاون سے چینی کی قیمتوں کو معقول سطح پر برقرار رکھنے کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو سستے داموں چینی دستیاب ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف چینی کی فراہمی میں اضافہ ہوگا بلکہ قیمتوں میں بھی استحکام آئے گا۔

Comments

200 حروف