پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

  • کمیٹی کے ارکان میں راجہ پرویز اشرف، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثناء اللہ خان، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں
شائع 22 دسمبر 2024 03:35pm

ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کیلئے حکومتی اتحاد کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کو کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا تھا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی سلامتی اور مفادات کو ترجیح دی جائے گی۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، جو اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں، نے حال ہی میں حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے لئے اسد قیصر، عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈاپور اور حامد رضا پر مشتمل ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

عمر ایوب نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا بنیادی ایجنڈا پی ٹی آئی کے زیر حراست کارکنوں کی رہائی کو یقینی بنانا ہے۔

پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں مقامی عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے لیکن حکومت اس حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے کیونکہ اس نے پی ٹی آئی کی کمیٹی کے ارکان کو عمران خان سے ملاقات کے لیے رسائی بھی فراہم نہیں کی ہے۔

اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پارٹی کی جانب سے مذاکرات شروع کرنے کے اشارے کو ’مثبت تبدیلی‘ قرار دیا تھا تاہم انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف نے ابھی تک باضابطہ مذاکرات شروع نہیں کیے ہیں۔

خواجہ آصف نے ایوان کو بتایا کہ حالیہ برسوں میں قومی اسمبلی میں بہت زیادہ دشمنی رہی ہے، سیاسی صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

Comments

200 حروف