جنوبی وزیرستان کے حملے میں 16 فوجی شہید، آئی ایس پی آر
- فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے، میڈیا ونگ پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 16 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے اسے موثر طور پر ناکام بنا دیا اوراس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 عسکریت پسندوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے 16 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کودہشت گردوں سے پاک کرنے کی مہم جاری ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اوران بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اسی طرح دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی جس کے نتیجے میں کم از کم ایک پاکستانی فوجی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات کو پاک افغان سرحد سے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں خوارج کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے مسلسل مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی سرحد کے اس پار مؤثر سرحدی انتظامات کو یقینی بنائے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور خوارج کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے لیے افغان سرزمین کا استعمال نہ کرنے دے۔
آئی ایس پی آر نے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments