پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کے دوران ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 اور 20 دسمبر کی رات کو پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال سے روک لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ سرحد کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کو افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے سے سختی سے روکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

Comments

200 حروف