وزیراعظم محمد شہباز شریف ”انویسٹنگ ان یوتھ اینڈ سپپورٹنگ ایس ایم ایز : شیپنگ ٹوموروز اکانومی“ کے موضوع پر قاہرہ میں منعقد ہونے والی ترقی پذیر آٹھ (ڈی ایٹ) ممالک کی گیارہویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے بدھ کو مصر کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سربراہی اجلاس میں وزیرِاعظم نوجوانوں اور ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیں گے تاکہ مضبوط اور جامع معیشت کی تعمیر کی جا سکے؛ ملازمتیں پیدا ہوں؛ جدت کو فروغ ملے؛ اور مقامی کاروباری صلاحیتوں کو ترقی دی جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیرِاعظم اجلاس میں پاکستان کی ترقی پذیر آٹھ کے نظریات کے ساتھ مضبوط وابستگی کا اظہار کریں گے؛ باہمی فائدے اور خوشحالی کے لیے شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیں گے؛ اور زراعت، غذائی تحفظ اور سیاحت میں تعاون کو فروغ دینے پر بات کریں گے۔

وزیر اعظم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالی ترقی کے لئے پاکستان کی مراعات کو اجاگر کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وہ فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی موقف کو اجاگر کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں امن پر زور دیں گے۔

Comments

200 حروف